پٹنہ،22؍دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بہاراسمبلی انتخابات میں شکست کا جائزہ لینے کے لیے آر جے ڈی کے پارٹی دفتر میں ایک اہم اجلاس ہوا۔ اس اجلاس میں قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو ، ریاستی صدر جگدانند سنگھ سمیت پارٹی کے تمام نومنتخب ایم ایل اے اور انتخاب ہارنے والے امیدوار بھی شامل تھے۔ اس میٹنگ میں جائزہ لیا گیا کہ آر جے ڈی امیدوار انتخاب ہارنے کے پیچھے کیا وجہ تھی؟
آر جے ڈی کی اس میٹنگ میں ایک دلچسپ تصویردیکھی گئی ، اس پوسٹر پر پارٹی کے سپریمو لالو پرساد اور سابق وزیراعلیٰ رابڑی دیوی کاپوسٹر دیکھا گیا تھا جو اسٹیج پر تھا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ اس پوسٹر سے تیجسوی یادو کی تصویر غائب تھی۔اہم بات یہ ہے کہ بہاراسمبلی انتخابات کے دوران ، آر جے ڈی نے پارٹی کے تمام بینرز اور پوسٹروں سے منظم طریقے سے لالو پرساد اور رابڑی دیوی کی شبیہ ہٹا دی تھی اور صرف تیجسوی یادو کی تصویرکواجاگر کیا تھا۔
آر جے ڈی کی اس حکمت عملی کے بارے میں جنتا دل یونائیٹڈ اوربی جے پی نے یہ سوالات بھی اٹھائے کہ کیوں تیجسوی یادونے لالواوررابڑی کی تصویر کو بینر اور پوسٹر سے ہٹا دیاہے۔ذرائع کے مطابق آر جے ڈی کی حکمت عملی کے تحت لالو اور رابڑی کی تصاویر بینرز اور پوسٹروں سے ہٹادی گئیں کیونکہ دونوں رہنماؤں کوجنگل راج سے جوڑتے ہوئے دیکھاگیاتھا۔ لیکن ، قابل غور بات یہ ہے کہ انتخابات ختم ہونے کے بعد لالو اور رابری ایک بار پھر آر جے ڈی بینرز اور پوسٹرس میں شامل ہوگئے ہیں اورتیجسوی یادوان پوسٹروں سے غائب ہیں۔